جیو فلمز کی نئی بلاک بسٹر ہارر فلم ’دیمک‘ جمعہ کو ملک کے مختلف سینما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے۔
وحشت، تجسس، جنات اور خاندانی رشتوں کی الجھنوں پر مبنی یہ فلم شائقین کےلیے ایک بالکل نیا اور منفرد تجربہ ثابت ہونے والی ہے۔
فلم شائقین کو خوف اور جذبات کی نئی دُنیا میں لے جائیگی۔ شائقین ایڈوانس بکنگ کروالیں ورنہ عید کے رش میں موقع نہیں ملے گا۔
ایگزیکٹو پروڈیوسر سید مراد علی، ہدایتکار رافع راشدی اور عائشہ مظفر کی تحریر سے مزین اس فلم میں ناصرف خوف اور تھرل ہے بلکہ معاشرتی مسائل اور جذباتی لمحات کو بھی بڑی خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے۔
فلم کے مرکزی کرداروں فیصل قریشی، سونیا حسین سمیت ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری اور دیگر سینئر فنکار شامل ہیں۔
فلم ’مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ‘ کے تحت ملک بھر کے سنیما گھروں میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی جس میں جدید ٹیکنالوجی سے مزین اور سسپنس سے بھرپور کہانی ہر عمر کے افراد کےلیے پیسہ وصول اور تفریح سے بھرپور ثابت ہوگی۔
نقادوں کا ماننا ہے کہ فلم دیمک پاکستانی سنیما میں ہارر اور ڈرامے کا نیا ٹرینڈ سیٹ کردے گی۔
یاد رہے کہ جیو فلمز اس سے قبل بھی کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کےلیے پیش کر چکا ہے ان میں خدا کےلیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ڈونکی کنگ اور گلاس ورکر شامل ہیں۔