کس قوم کو للکارا ہے

   کس قوم کو للکارا ہے



 یہ 5مئی کی ترو تازہ صبح تھی میں اچانک نیند سے جاگی مجھے فون کی ہلکی سی گھنٹی محسوس ہوئی فوراً فون دیکھا  تو پیاری دوست ڈاکٹر میمونہ راشد آفریدی کا میری لینڈ سے فون تھا میں نے پوچھا ڈاکٹر میمونہ خیر تو ہے ناں۔ میمونہ نے کپکپاتی آواز سے مجھے ہیلو کیا، مجھے محسوس ہوا کہ وہ رو رہی ہیں، کچھ لمحوں کی خاموشی کو توڑتے ہوئے بولیں۔ فوزیہ آپ کو پتا ہے بھارت نے رات کے اندھیرے میں ہمارے ملک پاکستان پر حملہ کر دیا ہے۔ ہم یہاں امریکہ میں بیٹھے ہیں سب اپنے تو وہاں ہیں ناں۔ اللہ خیر کرے بس دعا کرو ہمارے پیارے ملک کی خیر ہو۔ میں نے کہا میرا بھی توتقریباً سارا خاندان وہیں ہے میں تو چند دن کے لئے یہاں آئی تھی اللہ سب کا حامی و ناصر ہو۔ نجانے ایسا کیوں کیا انڈیا نے۔ ہم دونوں ملک دنیا کے غریب ترین ملکوں میں سے ہیں، عوام میں جنگ کو برداشت کرنے کی سکت کہاں۔ یہ سب مجھے تو کوئی نئی سیاست لگ رہی ہے۔ اس نے بھی ہاں میں ہاں ملائی۔ میں نے اسے دلاسہ دیا اور فوراً فون بند کرکے لاہور کے لئے کال ملا ہی رہی تھی کہ مجھے میری دوسری دوست قانعہ اِدا کا فون آگیا میں نے فون اٹھاتے ہی اس سے کہا قانعہ گھبرانا نہیں مجھے معلوم ہے بھارت نے پاکستان پر رات کے اندھیرے میں حملہ کیا ہے۔ وہ بھی پریشان تھی، ہم لوگ یہاں کے مستقل رہائشی اور سفر پر نکلے ہوئے چند شاعر، ادیب، گلوکار اور فنکار سبھی پریشان ہو گئے تھے۔ پھر ہم نے ملک کی سیاست پر سیر حاصل گفتگو کی اور اس نتیجہ پر پہنچے کہ انڈیامیں جب بھی الیکشن قریب ہوتے ہیں وہ پاکستان کے ساتھ لڑائی جھگڑے کا پہلے ہی پلان کرلیتا ہے۔ ان کے اپنے عوام بھی رات دن یہی رونا روتے رہتے ہیں، مگر پھر بھی مودی صاحب کو شرم نہیں آتی کہ وہ جو کچھ بھی کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اب وہ سب کھلے راز کی طرح سب پر افشاں ہو رہا ہے۔ قانعہ اَدا نے مجھے اور میں نے اسے بے حد تسلیاں دیں کہ کچھ نہیں ہونے والا یہ بھارت کا نیا ڈرامہ اور ہتھکنڈہ ہے جسے وہ آزمانا چاہتا ہے۔ خیر اب  میں نے لاہور کال ملائی تو ہر طرف سب مطمئن اور ایمان کی طاقت سے لبریز تھے۔ میں نے خدا کا شکر ادا کیا۔

ساری دنیا جانتی ہے کہ بھارت کئی دنوں سے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا تھا کہ پاکستان بھارت میں دہشت گردی کررہا ہے جبکہ پاکستان نے شرافت میں رہ کر بھارت کو کہا کہ وہ ہمیں ثبوت فراہم کریں مگر وہ ہر بار اِدھر اُدھر کی مارتے اور کوئی ثبوت نہ دیتے،صاف پتہ چل رہا تھا کہ یہ مودی کی چال ہے جو وہ اپنے ہر الیکشن میں چلتا ہے۔ ہر بار وہ پاکستان کے بارڈر پر فوجیں بھیج دیتا ہے اور کوئی نہ کوئی نئی شرارت کرتا ہے مگر اس مرتبہ مودی کو یہ شرارت مہنگی پڑ گئی ہے۔ انڈیا نے پاکستانی فوج کو بہت کمزور سمجھ رکھا تھا اور آئے دن کہیں نہ کہیں ڈرون حملے کرنے لگا اور ان کا پورا میڈیا پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے لگا کہ شاید انڈیا دنیا کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا، مگر ہمیں پاکستانی بہادر، دلیر فوج کے صبر اور حکمتِ عملی کی داد دینا ہوگی۔ بھارت نے جب بھی پاکستان پر حملہ کیا رات کے اندھیرے میں کیا یہ سوچ کرکے پاکستانی قوم اور فوج سو رہی ہوگی اور بھارت اپنے سوچے سمجھے منصوبے اور اپنی جارحیت میں کامیاب ہو جائے گا، مگر ہمارے بہادر فوجی جوان اپنے ملکِ خداداد پاکستان کی حفاظت سے کبھی غافل نہیں رہے اور ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ملک کی سلامتی کی خاطر پاکستانی قوم ہمیشہ اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو جاتی ہے۔ بھارت نے بہاولپور پر حملہ کرکے بے گناہ مظلوم عوام کو شہید کیا جس میں بچے اور مائیں بھی شامل تھیں۔ اس کے جواب میں ہماری افواج نے پھر بھی کہا کہ ہم بھارت کے شہریوں پر حملہ نہیں کریں گے۔ بھارت کی ایئرفورس پاکستان کی حدود میں داخل ہوئیں تو انکا خیال تھا کہ پاکستان کے فوجی جوان شاید خوابِ غفلت میں ہوں گے، مگر ہمارے ایئر فورس کے جوانوں نے انڈیا کے پانچ جہاز مار گرائے۔ بھارت 1965ء کی جنگ کو بھول گیا ہے، ہمارے فوجی جوانوں کی بہادری کی داستانیں آج بھی بچہ بچہ جانتا ہے۔ ہم مسلمان ہیں اور موت ہمارا ایمان اور شہادت کی موت ہماری حیات ہے۔ دنیا میں کوئی بھی مسلمان ایسا نہیں جو موت سے ڈرتا ہو اور پھر شہادت کی موت۔ ہم بچا طور پر ا پنی فوج کے جوانوں اور جرنیلوں پر فخر کر سکتے ہیں۔ ایئر فورس کے جوانوں نے جس بہادری اور حکمت عملی سے آج ہمیں فتح سے ہمکنار کیا، بھارت کے اہم مقامات کو تباہ و برباد کیا اور بھارت کی فوجی تنصیبات کو پاکستانی فوج نے شدید نقصان پہنچایا کہ ان کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے۔ہماری فوج کا ہر جوان فتح کے لئے پُرعزم ہے اور رہے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب پاکستان بھارت پر حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی پوری دنیا میں سنائی دے گی۔ اللہ نے ہمیں  ایمان کی قوت سے نوازا ہے۔ ہمیں بھارت کو بتانا ہے کہ پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے۔ ہماری فوج بہادری سے کھڑی ہے اور ہماری قوم بھی افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ بھارت یاد رکھے کہ ہماری بہادر قوم اور پاک فوج، بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں