کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کرنے والے ایک اور شخص کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا جس کے بعد اب اس کیس میں گرفتار افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی ویڈیو میں یہ ملزم بھی نوجوان پر تشدد کرتے نظر آرہا ہے۔ اس ملزم کو فوٹیج کی مدد سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہری پر تشدد کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو کل ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ یکم جون کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے خیابان اتحاد کمرشل میں کار سوار نے موٹرسائیکل سوار پر تشدد کیا تھا۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص بہنوں کے ساتھ جا رہا تھا، موٹرسائیکل سے کار کو ٹکر لگی جس کے بعد کار سوار شخص نے موٹرسائیکل سوار شخص پر تشدد کیا۔