ٹام کروز کا نیا کارنامہ، جلتے پیراشوٹ کے ساتھ چھلانگ لگانے کا عالمی ریکارڈ

ٹام کروز کا نیا کارنامہ، جلتے پیراشوٹ کے ساتھ چھلانگ لگانے کا عالمی ریکارڈ

—تصاویر بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز

ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار ٹام کروز نے اپنی نئی فلم مشن امپاسبل دی فائنل ریکننگ میں خطرناک اسٹنٹ مکمل کر کے دنیا کو حیران کردیا، جس پر انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈ سے نوازا گیا۔

ٹام کروز اپنی فلموں میں خود اسٹنٹس کرنے کےلیے مشہور ہیں، انہوں نے ہیلی کاپٹر سے 16 بار چھلانگ لگائی، وہ بھی ایسے پیراشوٹ کے ساتھ جو پہلے سے پیٹرول میں بھیگا ہوا تھا، چھلانگ لگانے کے بعد وہ جلتے ہوئے پیراشوٹ کو کاٹ کر ایک محفوظ بیک اپ پیراشوٹ سے لینڈنگ کرتے ہیں۔

 اس انتہائی خطرناک اسٹنٹ کو کامیابی سے انجام دے کر وہ جلتے پیراشوٹ کے ساتھ سب سے زیادہ چھلانگیں لگانے والے فرد کا عالمی ریکارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ٹام کروز کے مطابق ناظرین فوری جان لیتے ہیں کہ اسٹنٹ اصلی ہے یا جعلی، اسی لیے میں ہر بار اصلی اسٹنٹ کرنے پر اصرار کرتا ہوں۔

اس اسٹنٹ کی فلم بندی جنوبی افریقہ کے دراکنزبرگ پہاڑی سلسلے میں کی گئی اور اسے مکمل کرنے کےلیے ٹام کروز نے سیکڑوں تربیتی چھلانگیں لگائیں۔ اس دوران انہوں نے 50 پاؤنڈ وزنی کیمرہ بھی اپنے جسم سے باندھ رکھا تھا تاکہ قریب سے مناظر کو فلمایا جا سکے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ایڈیٹر ان چیف کریگ گلینڈے نے کہا ٹام صرف ایکشن ہیرو کا کردار ادا نہیں کرتے، بلکہ وہ حقیقت میں ایکشن ہیرو ہیں، اُن کی جرأت، حقیقت پسندی اور فن کےلیے دیوانگی انہیں بے مثال بناتی ہے۔

ٹام کروز وہ واحد اداکار ہیں جن کی 11 مسلسل فلموں نے 100 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا، جس میں جیک ریچر (2012) سے لے کر دی فائنل ریکننگ (2025) تک شامل ہیں۔

مشن امپاسبل فرنچائز اب تک 5 ارب ڈالر سے زائد کما چکی ہے اور اس کی نئی قسط کو بھی دنیا بھر میں شاندار پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں