واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )کہا جاتا ہے کہ پہلا تاثر ہی آخری تاثر ہوتا ہے اور آن لائن دنیا کے لئے تو یہ بہت اہم ہوتا ہے اور پروفائل فوٹوز ہی سب سے پہلے لوگ دیکھتے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق تو اگر آپ کو اپنی کوئی حالیہ تصویر پسند نہیں یا اسے زیادہ تخلیقی بنانا چاہتے ہیں، تو واٹس ایپ کا نیا فیچر اس حوالے سے مددگار ثابت ہوگا۔جی ہاں واٹس ایپ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جو منفرد پروفائل فوٹوز تیار کرے گا۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔یہ فیچر کچھ عرصے پہلے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن کا حصہ بھی بنایا گیا تھا۔
اس فیچر کے لئے میٹا اے آئی اسسٹنٹ کو استعمال کیا جائے گا جو صارفین کی تحریری ہدایات کے مطابق منفرد پروفائل فوٹو کو تیار کرسکے گا۔روایتی پروفائل فوٹو آپشنز کے برعکس اس فیچر کے لئے کسی موجودہ تصویر کی بھی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ میٹا اے آئی کی جانب سے صارفین کی ہدایات کے مطابق کاسٹیوم پروفائل فوٹوز تیار کی جائیں گی۔
یعنی بس آپ کو اے آئی اسسٹنٹ کو تحریری ہدایات دے کر بتانا ہوگا کہ آپ کس طرح کی پروفائل فوٹو چاہتے ہیں۔اس کے بعد واٹس ایپ کا اے آئی اسسٹنٹ ایسی تصویر تیار کردے گا جو صرف آپ کے لئے ہوگی۔
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لئے متعارف کرایا جا سکتا ہے مگر میٹا کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر کافی کام کیا جا رہا ہے تو امید ہے کہ یہ جلد دستیاب ہو سکتا ہے۔