وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ میں نے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کا جواب دیا، میں نے کہا کہ شملہ معاہدہ پر وہی کچھ اپلائی ہوگا جو سندھ طاس معاہدے پر ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے جو سندھ طاس معاہدہ کے ساتھ کیا اس پر جواب دیا، کہا تھا سندھ طاس معاہدہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہو سکتی ہے تو شملہ معاہدہ سے بھی ہو سکتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزارت خارجہ کا میرے بیان سے کوئی تعلق نہیں، میرا ذاتی بیان تھا، میں سمجھتا ہوں کہ میرا مؤقف بالکل ٹھیک ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چناب میں روز خود پانی کی سطح چیک کر رہا ہوں، ایک دن چھ ہزار کیوسک پانی آتا ہے دوسرے دن پانی کی آمد زیادہ ہوجاتی ہے، چناب میں پانی کی آمد میں کمی اور زیادتی کچھ دن سے چل رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف جنگ ہاری بلکہ کشمیر پر ہمارا موقف بھی مضبوط ہوا۔