عیدالاضحیٰ کی خوشیوں کو مزید رنگین اور یادگار بنانے کے لیے جیو نیٹ ورک نے ایک بار پھر اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ناظرین کےلیے دلچسپ، چٹ پٹے اور بھرپور تفریح سے لبریز پروگراموں کا شاندار گلدستہ تیار کر لیا ہے۔
عید کے تینوں دن خصوصی بلیٹنز، طنز و مزاح سے بھرپور پروگرامز، پاک فوج کے نوجوانوں کے ساتھ گفتگو، ٹاک شوز، مقبول ٹیلی و فیچر فلمیں، موسیقی، عید کی رونقوں پر مبنی کوریج، خصوصی ڈرامے اور ستاروں سے سجے انٹرویوز ناظرین کو جیو کی اسکرین سے باندھے رکھیں گے اور عید کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیں گے۔
’جیو نیوز‘ پر ناظرین عید کے پہلے دِن مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں مراد علی شاہ، رانا ثناء اللّٰہ، سعدیہ اقبال، ڈاکٹر اوم پرکاش، علامہ کوکب نورانی اور علی حسنین پراچہ کی خصوصی گفتگو ملاحظہ کرسکیں گے۔
پروگرام ’اسکور‘ میں زمبابوے کے ٹیسٹ کرکٹر سکندر رضا مہمان بنیں گے، پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سلمان علی آغا ’ایک دِن جیو کے ساتھ‘ کے مہمان ہوں گے، خالد مسعود، انعام الحق جاوید اور حسنین جمال کے ہمراہ ’مزاحیہ مشاعرہ‘ بھی عید کی رونق بڑھائے گا، پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں فلم ’دیمک‘ کی کاسٹ سے کھٹی میٹھی گفتگو ہو گی، اِن میں فیصل قریشی، سونیا حسین اور ثمینہ پیرزادہ شامل ہیں۔
عید کے دوسرے دِن ’جیو پاکستان‘ میں مزمل اسلم، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، شعیب نوشیروانی، نائلہ کیانی، بانو کوثر، سید طوبیٰ علی اور سلمان پارس سے گفتگو ہو گی۔
’اسکور‘ میں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر میر حمزہ سے عید کے حوالے سے گفتگو ہو گی، پروگرام ’جرگہ‘ میں عاطف رانا سے کھٹی میٹھی باتیں ہوگی، ’ایک دِن جیو کے ساتھ‘ میں خاتون کرکٹر عالیہ ریاض مہمان بنیں گی، اکرام عارفی، مرلی چوہان اور زاہد فخری کے ساتھ ’مزاحیہ مشاعرہ‘ پیش کیا جائے گا، پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کا خصوصی شو (پہلا حصہ) پاک آرمی کے جوانوں کے ساتھ ہونے والی دلچسپ گفتگو پر مشتمل ہو گا۔
عید کے تیسرے دِن محمد سہیل، جاوید بلوانی، جاوید قریشی، خاقان نجیب، ملیحہ لودھی، اعزاز چوہدری ’جیو پاکستان‘ کے مہمان بنیں گے، پروگرام ’جرگہ‘ میں افتخار عارف کے ساتھ گفتگو ہو گی، طاہر شہیر، سیلمان گیلانی اور احمد سعید ’مزاحیہ مشاعرے‘ میں رنگ بکھیریں گے، رپورٹ کارڈ اور کیپٹل ٹاک ’بجٹ اسپیشل‘ ہو گا جبکہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ (دوسرے حصے) میں پاک آرمی کے جوانوں سے مزیدار گفتگو ہوگی۔
٭ ’جیو ٹی وی‘ نے بھی اپنے ناظرین کے لیے انٹرٹینمنٹ کی خصوصی کہکشاں سجائی ہے جہاں بلاک بسٹر فلموں کے تہلکہ خیز ایکشن، رومانس اور کامیڈی سے ناظرین لطف اندوز ہوں گے۔
عید کے پہلے دِن ’عید کا اسپیشل شو‘ صبح 8 بجے نشر ہو گا، دوپہر 12 بجے فیچر فلم ’ایکٹر اِن لا‘ دکھائی جائے گی، شام ساڑھے 6 بجے ڈرامہ سیریز ’کرولوس عثمان‘ نشر ہو گی، ڈرامہ ’دوسرا چہرہ‘ کی پہلی قسط شام 7 بجے پیش کی جائے گی، ڈرامہ سیریل ’من مست ملنگ‘ رات 8 بجے دکھایا جائے گا، سیریل ’بہکاوے’ ناظرین رات 9 بجے دیکھ سکیں گے، رات 10 بجے سیریل ’کٹھ پتلی‘ اور رات ساڑھے 10 بجے ٹیلی فلم ’دِل نے کہا دِل سے‘ دکھائی جائے گی۔
عید کے دوسرے دِن صبح 8 بجے ’عید شو‘ اسپیشل نشر ہو گا، دوپہر 12 بجے فیچر فلم ’پردے میں رہنے دو‘ دکھائی جائے گی، ڈرامہ سیریل ’کورولوس عثمان، دوسرا چہرہ، من مست ملنگ، بہکاوے اور کٹھ پتلی عید کی رونق بڑھائیں گی، ٹیلی فلم ’لو لائف کا لاء‘ بھی لطف دوبالا کرے گی، عید کے تیسرے دِن دوپہر 12 بجے فیچر فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ اور ڈرامہ سیریل ’ڈائن‘ رات 8 بجے نشر ہو گا۔
یاد رہے کہ جیو سوپر اور جیو کہانی پر بھی عید کے حوالے سے خصوصی پروگرام مرتب کیے گئے ہیں۔