بالی ووڈ فلم ’ستارے زمین پر‘ کے ہدایت کار آر ایس پرسنا کا کہنا ہے کہ عامر خان لیجنڈ ہیں جو نئے اداکاروں کی طرح کام کرتے ہیں جبکہ نئے اداکار خود کو لیجنڈ سمجھتے ہیں۔
عامر خان کی فلم ستارے زمین پر کے ہدایت کار آر ایس پرسنا نے فلم اور اس کے ’جھجھک والے سپر اسٹار‘ کے بارے میں بات کی ہے۔
عامر خان بالی ووڈ کے 3 خانز میں سے ایک ہونے کے باوجود 3 دہائیوں سے فلمی دنیا پر راج کر رہے ہیں، عامر خان کا شمار ان ستاروں میں ہوتا ہے جن کی شخصیت ہمیشہ پراسرار اور منفرد رہی ہے، چاہے وہ چپل پہن کر عوامی تقریبات میں ان کا آنا ہو یا انٹرویوز دینا ہو، عامر خان ہر موقع پر اپنی سپر اسٹار حیثیت کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔
ہدایت کار آر ایس پرسنا کا کہنا ہے کہ یہی عادت انہیں دلکش بناتی ہے اور ان کے ساتھ کام کرنا آسان بناتی ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے عامر خان، فلم اور اس کے بننے کے مراحل پر تفصیل سے بات کی ہے۔
آر ایس پرسنا کی آخری فلم شبھ منگل ساودھان 2017ء میں ریلیز ہوئی تھی اس حوالے سے انہوں نے بتایا ہے کہ شبھ منگل ساودھان کے بعد عامر خان کے منیجر نے مجھ سے رابطہ کیا، میں چنئی میں اپنے بچوں کے ساتھ مصروف تھا کہ مجھے ایک کال آئی انہوں نے کہ میں اے کے پی ایل (AKPL) سے بول رہا ہوں، مجھے پہلے سمجھ نہیں آیا، پھر جب انہوں نے کہا عامر خان تب مجھے یقین آیا۔
فلم ستارے زمین پر کیسے بنی؟ اس حوالے سے آر ایس پرسنا نے بتایا ہے کہ میں اس رول کے لیے صرف عامر خان کو ہی سوچ سکتا تھا، پھر میں اندر سے اداس ہو گیا کہ اگر وہ وہ انکار کر دیں گے تو کیا ہو گا؟ اور میں اس کردار میں کسی اور کو سوچ ہی نہیں پایا، لیکن خوش قسمتی سے عامر خان نے فلم کے لیے ہاں کر دی اور فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہو گیا۔
’ستارے زمین پر‘ عامر خان کی 2007ء کی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئیل ہے، بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم رواں مہینے کی 20 تاریخ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔