مریم نواز شریف کی معیت میں اس بار تبدیلی اپنے جلو میں روشنی سمیٹے پھیل رہی ہے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ حکومت اللہ کی رحمت ہے۔اچھا حکمران وہ ہے جس کے دل میں رعیت سے ہمدردی ومحبت ہو، ملکی اصطلاحات میں وہ عقل و تدبر اور عاقبت اندیشی سے کام لیتا ہو، قوم وملک کی راحت رسانی کے لیے مضطرب اور بے چین ہو۔مریم نواز شریف میں یہ صلاحیتیں بدرجہ اتم موجود ہیں۔ مریم نواز نے ثابت کیا کہ لوگوں کی تنقید سے کیسے حوصلہ جوڑا جاتا ہے اور مخالفین کے لیے ٹارگٹ سیٹ کرنے کے لیے صرف ٹک ٹاک نہیں بلکہ موثر کارکردگی نہایت ضروری ہے۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بہت کم رہنما ایسے ہیں جنہوں نے مختصر مدت میں اتنا گہرا اثر چھوڑا ہو۔ بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب عہدہ سنبھالنے کے بعد نہ صرف انہوں نے صنفی رکاوٹوں کو توڑا بلکہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں ترقی، شمولیت اور فلاح عامہ کا ایک نیا دور بھی شروع کیا۔ ان کی قیادت میں کیے گئے دور رس اقدامات، عوام دوست پالیسیوں اور جمہوری طرزِ حکمرانی نے نہ صرف پنجاب کی سیاست کا نقشہ بدل دیا ہے بلکہ پورے ملک میں قیادت کے نئے معیار تدوین پا رہے ہیں۔ جو حالیہ برسوں میں پنجاب میں فلاحی، تعلیمی، اور معاشی ترقی کے لیے کئی اہم اقدامات کی قیادت کر رہی ہیں۔ مریم نواز کا سیاسی ویژن ایک ایسا پنجاب ہے جو فلاحی، تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مضبوط ہو، جہاں ہر شہری کو انصاف، سہولت اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔مریم نواز کے نمایاں پروگرامز میں ہنر مندی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر روزگار کے قابل بنانا ہے۔یہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور بے روزگاری کے خاتمہ میں معاون ہو گا۔اس پروگرام کے تحت ٹیکنیکل کالجز کو نئے طریق سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔مختلف مقامات پر منظم ترتیب سے بنائے ماڈل بازاروں کے قیام کے علاوہ سستے آٹا و راشن کے مراکز بھی نظر آتے ہیں جو غریب عوام کے لیے بنیادی اشیائے خور و نوش کم قیمت پر فراہم کر رہے ہیں۔خواتین بااختیار پروگرام کے تحت بیوہ سہارا کارڈ ایک اہم فلاحی قدم ہے جو بیوہ خواتین کو مالی امداد فراہم کرتا ہے، تاکہ ان کی معاشی و سماجی حالت بہتر ہو سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کے تحفظ اور خودمختاری کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ مریم نواز کی قیادت اور ہدایات کی روشنی اور ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی محمد احسن یونس کی نگرانی میں اتھارٹی کو مزید فعال اور جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ خواتین کو ایک محفوظ اور پْرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔سیف سٹی اتھارٹی جدید نگرانی، کیمروں، اور فوری رسپانس نظام کے ذریعے شہریوں کی حفاظت یقینی بناتی ہے، مگر مریم نواز کی خصوصی دلچسپی پر اس کا خاص فوکس خواتین کے خلاف تشدد، ہراسانی، اور سڑکوں پر عدم تحفظ کے خاتمے پر ہے۔ اس سلسلے میں ویمن سیف زونز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس کے تحت مخصوص علاقوں میں خواتین کے لیے محفوظ مقامات کی نشاندہی یقینی بنائی گئی ہے۔ جہاں وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پناہ لے سکتی ہیں۔اس کے علاوہ ہیلپ لائن 15 کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ہنگامی کالز پر فوری ردعمل کے لیے تربیت یافتہ خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ میں سیفٹی سسٹمز ترتیب دیے گئے ہیں اور خواتین کے لیے مختص بسوں اور اسٹاپس پر کیمرے اور الرٹ سسٹم کی تنصیب کی گئی ہے۔
جدید ترین خطوط پر ایپلی کیشنز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سیف سٹی اتھارٹی کے تحت ایک خصوصی موبائل ایپ تیار کی جا رہی ہے، جس سے خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مدد حاصل کر سکیں گی۔کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر اداروں میں اس ایپ کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔ مریم نواز کا ویژن ایک ایسا پنجاب ہے جہاں ہر عورت خود کو محفوظ، بااختیار اور قابلِ فخر سمجھے۔ تعلیمی اصلاحات کی صورت سرکاری اسکولوں کی بہتری، اساتذہ کی تربیت، اور جدید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے بھی حتمی مراحل طے کر رہے ہیں۔صحت کارڈ جس کے بارے طرح طرح کی غلط فہمیاں پھیلائی گئیں اور صوبے بھر میں شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کاری فراہم کرنے پر فیک نیوز کی صورت بھاپ بن کر اڑ گئیں۔مزید برآں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے شروع کی گئی لیپ ٹاپ سکیم 2025ء کے تحت صوبے بھر کے ہونہار طلباء میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 50,000 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے ہیں۔بچوں کے لیے اپنی محبوب آئیڈیل لیڈر کو دیکھنا اور سننا۔پروگرام” تعلیمی کامیابی کا ایک سال” میں جہاں مریم نواز شریف کے آنے کی اطلاع تھی۔ہم نے دیکھا بچیاں مریم نواز کو دیکھنے کے لیے کس قدر پر جوش تھیں۔ تمتماتے چہرے اور ہاتھوں میں وزیر اعلی مریم نواز شریف کے لیے رنگا رنگ چارٹ لیے وہ داخلی دروازے کی طرف نظریں جمائے بیٹھی تھیں اور مریم نواز کے نہ آنے پر ان کے چہرے اتر گئے۔ طالبات نے بتایا کہ اب وہ مزید محنت کریں گی تاکہ انہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھنے اور ان سے ملنے کا موقع ملے۔
کھیلوں کے میدان میں ”کھیلتا پنجاب گیمز“ 2025ء مریم نواز کا ایک انقلابی اقدام ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں میں شرکت کے لیے متحرک کر کے ایک صحت مند اور متحرک پنجاب کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ان مقابلوں کے فاتحین کو ای بائیکس جیسے جدید انعامات بھی دیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے شکایات سیل قائم کیا ہے، جو ایک قابلِ اعتماد اور جدید نظام کے تحت کام کر رہا ہے۔ اس سیل کا مقصد عوام کی شکایات کو براہِ راست وزیراعلیٰ تک پہنچانا اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کا پابند بنانا ہے۔ شہری اپنی شکایات فون، موبائل ایپ، ویب پورٹل یا ضلعی دفاتر کے ذریعے درج کروا سکتے ہیں۔ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر شکایات کو حل تک باقاعدہ فالو اپ کیا جاتا ہے۔ایک شکایت سیل پہلے بھی بنا تھا جس کے متعلق یہ شعر کہا تھا کیسے ہوتے ہیں وہ خط جن کے جواب آتے ہیں۔اب خط کے جواب میں امن کا کبوتر اپنی چونچ میں مرہم لے کر آتا ہے۔
مریم نواز نے فوری ریلیف کے جن منصوبوں اور سکیمیں کا ویژن تراشا ہے۔اس کی وضاحت پر ٹائم لگے گا۔یہ تاریخ ہی ہے، جس میں کچھ حکمران اپنی ہمہ جہت متاثر کن شخصیت کی مثبت کاوشوں کے ذریعہ اپنا نام لکھوا لیتے ہیں اور کچھ خاموش رہ کر اپنا نام کٹوا لیتے ہیں۔ آج پاکستان میں تبدیلی، استحکام اور امید کی علامت وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی متحرک شخصیت اور ترجمانی ہے کہ روشنی کا وجود زندہ ہے۔