برطانوی شاہی خاندان کی منحرف چھوٹی بہو اور پرنس ہیری کی اہلیہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے اپنی بیٹی پرنسس للی بیٹ کی چوتھی سالگرہ پر یادگار لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔
اداکارہ میگھن مارکل نے اپنی بیٹی، پرنسس للی بیٹ کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر تصایر اور دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے۔
43 سالہ میگھن مارکل نے پرنسس للی بیٹ کے ساتھ پہلی بار سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کی بیٹی کا چہرہ مخفی نظر آ رہا ہے۔
میگھن مارکل نے اس پوسٹ کے کیپشن میں پرنسس للی بیٹ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا، ’ہماری خوبصورت لڑکی کو سالگرہ مبارک ہو، آج سے چار سال پہلے للی ہماری زندگی میں آئی تھی اور اس کی وجہ سے ہر دن روشن اور بہتر ہو گیا ہے، محبت بھیجنے اور اس کا خاص دن منانے والوں کا شکریہ۔‘
میگھن مارکل نے پرنس ہیری اور پرنسس للی بیٹ کی یادگار تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔
میگھن کی جانب سے شیئر کی گئی پہلی تصویر میں، ہیری نے اپنی نوزائیدہ بیٹی کو ایک بازوؤں میں اٹھایا ہوا ہے، میگھن کی پوسٹ کی دوسری تصویر میں ہیری کو اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ یہ دونوں ننگے پاؤں ایک ریتیلی سڑک پر چل رہے ہیں۔
اداکارہ نے للی کی سالگرہ کے موقع پر شہزادی کی پیدائش سے قبل کے یادگار لمحات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں جن میں میگھن کو پرنس ہیری کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پرنس ہیری اور میگھن مارکل اس ویڈیو میں انگریزی گانے ’بیبی ماما ڈانس‘ پر دلچسپ رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ پہلی بار ہوا ہے کہ انٹرنیٹ صارفین نے کسی شاہی خاندان کے فرد کو رقص کرتے دیکھا ہے۔
میگھن مارکل کی ان پوسٹس کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے جبکہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کمنٹ سیکشنز کو بلاک کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ میگھن مارکل کے یہاں پرنسس للی بیٹ کی پیدائش 4 جون 2021 جبکہ بیٹے آرچی کی پیدائش 6 مئی 2019 کو ہوئی تھی جو اب 6 سال کے ہیں۔