واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایپل کے اولین سمارٹ گلاسز 2026 میں متعارف کرائے جائیں گے۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ فیچرز کے لحاظ سے تو یہ سمارٹ گلاسز میٹا کے رے بین گلاسز سے کافی ملتے جلتے ہوں گے مگر ایپل برانڈ انہیں دیگر سے منفرد بنائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کے سمارٹ گلاسز کو 2026 کے اختتام تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گلاسز کیمروں، مائیکرو فونز، اسپیکر اور ملٹی ماڈل آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے لیس ہوں گے۔
درحقیقت یہ سمارٹ گلاسز اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے اردگرد کے ماحول کو دیکھ کر اس کا تجزیہ کرسکیں گے۔
ایپل کے اولین سمارٹ گلاسز کی تیاری میں اہم پیشرفت
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ سمارٹ گلاسز ایپل کے وی آر ہیڈ سیٹ ویژن پرو سے مختلف ہوں گے۔
سمارٹ گلاسز کے باعث کمپنی نے ایپل واچ ڈیوائسز میں کیمرے کو شامل کرنے کا منصوبہ بھی ختم کر دیا ہے۔
یہ سمارٹ گلاسز استعمال کرکے صارفین ایسے متعدد کام کرسکیں گے جو ابھی سمارٹ فونز سے ممکن ہیں جیسے میوزک پلے بیک کنٹرول اور ایپل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri سے سوالات پوچھنا وغیرہ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سمارٹ گلاسز کے پروٹوٹائپ ماڈلز رواں سال کے آخر تک تیار کیے جاسکتے ہیں۔
اولین سمارٹ گلاسز بنیادی طور پر ایپل کی جانب سے اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) گلاسز کی تیاری میں پیشرفت کرنا ہے۔
ایپل اے آر گلاسز کو آئی فونز کے متبادل کے طور پر تیار کرنا چاہتی ہے مگر ان کی تیاری کب تک ممکن ہوگی ابھی یہ کہنا مشکل ہے۔
ایپل کے سی ای او ٹم کک نے 2022 میں ایک بیان میں اے آر ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی انڈسٹری اس نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے اور ہمیں اس میں بہت زیادہ مواقع نظر آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ انتظار کریں اور دیکھیں ہم اس حوالے سے آپ کو کیا پیش کرتے ہیں۔