اداکارہ اریج فاطمہ نے نیا انداز اپناتے ہوئے حجاب اختیار کرلیا جس پر مداحوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آگیا۔
پاکستان کی معروف سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ جو کئی مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کی بدولت ناظرین کے دل جیت چکی ہیں، انہوں نے حال ہی میں حجاب کرنے کے روحانی سفر کا آغاز کیا ہے، ان کی اس تبدیلی نے ناصرف مداحوں کو حیران کیا بلکہ سوشل میڈیا پر مثبت و منفی تبصروں کی ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی۔
اریج فاطمہ نے 2019ء میں ڈرامہ سیریل حسد کی کامیابی کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ دیا تھا، انہوں نے 2017ء میں ڈاکٹر عزیر علی سے شادی کی اور اب دو بیٹوں کی والدہ ہیں، وہ امریکی ریاست اوہائیو میں مقیم ہیں اور 1.6 ملین انسٹاگرام فالوورز کے ساتھ ایک معروف ڈیجیٹل کریئیٹر بھی ہیں۔
چند روز قبل اریج نے انسٹاگرام پر نئی شروعات کے عنوان سے ایک ریل پوسٹ کی، جس میں وہ مکمل حجاب میں نظر آئیں، اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے اپنے دل کی بات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ واقعی مضحکہ خیز ہے کہ جیسے ہی میں نے حجاب لینا شروع کیا، کچھ لوگوں نے سمجھا کہ اب وہ مجھے لیکچر دینا یا تنقید کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’میرے انباکس میں لمبے لمبے پیغامات آ رہے ہیں، جیسے میں نے کسی سے مشورہ مانگا ہو، سکون کریں، میں وہی کروں گی جو میرے دل کو درست لگے اور جس کی مجھے اللّٰہ کی طرف سے ہدایت ملے، حجاب کرنا کسی سے اجازت یا رائے لینے کا اعلان نہیں۔ ماشاءاللّٰہ، لا قوۃ الا باللّٰہ۔‘
اریج فاطمہ کے اس فیصلے پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اداکارہ صنم جنگ نے کمنٹس سیکشن میں ماشاءاللّٰہ لکھا۔
ایک مداح نے کہا کہ یہ نسل اب حیا اور حجاب کی طرف لوٹ رہی ہے اور یہ بہت خوبصورت ہے۔
ایک اور نے لکھا کہ مجھے معلوم تھا اریج ایک دن تم ضرور حجاب کی طرف آؤ گی۔
بہت سی حجابی فالوورز نے اریج کو حجاب میں استقامت قائم رکھنے کے مشورے دیے اور ذاتی تجربات بھی شیئر کیے، تاکہ وہ اس نئے سفر میں ثابت قدم رہ سکیں۔